دھارواڑ/بھٹکل:06/ستمبر (ایس اؤنیوز)بھٹکل بلدیہ کے ملکیت والے دکانداروں کونوٹس کے ذریعے دکان خالی کرنےاور نئے ٹینڈر کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پولس سکیورٹی کی مانگ کرتے ہوئے اترکنڑا ضلع ڈی سی اور بلدیہ کے چیف آفیسر کی طرف سے لکھے گئے خطوط کی کارروائی پر دھارواڑ ہائی کورٹ بنچ نے حکم امتناعی کے ذریعے روک لگائی ہے۔
بھٹکل بلدیہ کی طرف سے کرایے کے لئے دئیے گئے 102تجارتی دکانوں میں سے 63دکانداروں کو دکانیں خالی کرنے کے لئےڈی سی اور بلدیہ چیف آفیسر نے نوٹس جاری کرتے ہوئے نئے ٹینڈر کے لئے اعلامیہ جاری کیا تھا اور دکانوں کو خالی کرنے کے دوران پولس سکیورٹی کی مانگ کرتے ہوئے 22 اگست کو خط لکھا گیا تھا۔ڈی سی اور چیف آفیسر کے اقدام کے خلاف تاجر منجوناتھ آچاریہ اور دیگر 17 لوگوں نے ہائی کورٹ میں رٹ عرضی داخل کرتے ہوئے روک لگانے کی مانگ کی تھی ۔
بیوپاریوں کی عرضی پر سنوائی کرتےہوئے ہائی کورٹ بنچ کے جج کے سوم شیکھر نے ڈی سی اوراعلیٰ افسران کی کارروائی پر زیادہ سوچ بچار کا خیال ظاہر کیا اور ڈی سی اور چیف آفیسر کی طرف سے نئے ٹینڈر اور پولس سکیورٹی کی مانگ والے اقدام پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سنوائی آگے کے لئے بڑھادی۔ درخواست گزاروں کی طرف سے وکیل اے ایس پاٹل نے دعویٰ پیش کیا تھا۔